ہبلی 24اگست(ایس او نیوز)مرکزی وزیر فروغٖ انسانی وسائل پرکاش جاوڈکر ہبالی سے تقریبا 20کیلو میٹر دور دھارواڑ میں نئے قائم کردہ انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی(آئی آئی ٹی )کا28اگست کو افتتاح کریں گے ۔ وزیر اعلی تعلیم بسواراج رایا ریڈی جنہوں نے افتتاح کے لیے تیاریوں کا جائزہ لیا ،کہا کہ یہ رسمی افتتاح ہوگا ،کیونکہ کلاسز کی شروعات پہلے ہی والمی بلڈنگ میں ہوچکی ہے اور بنیادی سہولتیں جن میں آلات سے لیس کلاسز بھی قائم کردی گئی ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعلی سدارامیا اس موقع پر مہمان خصوصی ہوں گے ۔اس میٹنگ کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ رائچور میں آئی آئی آئی ٹی کے قیام کے لیے مرکز پر دباو بنانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ موجودہ طور پر حیدرآباد۔کرناٹک علاقہ میں داخلوں کی شرح 12فیصد ہے جو کرناٹک کے اوسطاً 26فیصد سے کافی کم ہے ۔قومی سطح پر داخلوں کی شرح 19فیصد بتائی جاتی ہے ۔اگر ایسے کسی قومی سطح کے ادارہ کا حیدرآبا۔ کرناٹک علاقہ میں قیام عمل میں لایا جائے تواس سے معیاری فنی تعلیم کی طرف طلبہ کو راغب کیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کسی بھی یونیورسٹی کے وائس چانسلر کو ڈاکو قرار دینے کے بیان کی تردید کی اور کہا کہ ان کے بیان کو غلط انداز میں پیش کیا گیا ۔انہوں نے وضاحت کی کہ انہوں نے یہ کہا تھا کہ صرف ناخواندہ لوگ بن سکتے ہیں ،تاکہ عوام کو لوٹیں اور اعلیٰ مقام پر رہنے والے افراد کے لیے یہ موزوں نہیں ہے کہ وہ ایسے ڈاکووں کی طرح رویہ اختیار کریں۔اس سے ایسے عہدے پر فائز رہنے والے افراد کی بے عزتی کرنا مقصدنہیں تھا۔